آئی جی پنجاب اگر بے بس ہیں تو کس کے ہاتھوں بے بس ہیں؟ شاہ محمود قریشی

لاہور(آن لائن) سابق وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی کارکردگی سے لوگ مطمئن نہیں ہیں،لگ یہ رہا ہے کہ کچھ لوگ بے بس دکھائی دے رہے ہیں،آئی جی پنجاب اگر بے بس ہیں تو کس کے ہاتھوں بے بس ہیں؟ عمران خان کی طبیعت سنبھل رہی ہے،جس پر الزام لگا ہے اس کے ماتحت کیسے شفاف انکوائری ہوگی؟ شاہ محمود قریشی نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان صحت یاب ہو کر جلد ڈسچارج ہوں گے،ایف آئی آر درج کرانا ہر شہری کا حق ہے،48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔مدعی کا حق ہوتا ہے کہ وہ اپنا مؤقف ایف آئی آر کے ذریعے بیان کرے،شفاف تحقیقات کے ذریعے حقائق معلوم کئے جا سکتے ہیں۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حقیقت اور الزامات میں فرق صرف تحقیقات سے ہی تلاش کیا جاسکتا ہے،ملزم کی ویڈیو کون جاری کررہا ہے؟کیا یہ پنجاب حکومت نے جاری کی؟ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ پر حملہ کیا گیا،فائرنگ کے واقعے کی شفاف تحقیقات ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے پولیس کسی کے دباؤ میں ہے،اور یہ بات تشویشناک ہے۔کیا کل پنجاب حکومت نے ایف سی کو کارروائی کی اجازت دی؟ ملزم کا اقبالی بیان منٹوں میں وائرل کر دیا گیا۔ دوسری جانب وزیر آباد میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو عدالت سے رجوع کریں گے عمران خان پر حملے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ملزمان کیخلاف آج نہیں تو کل ضرور کارروائی ہوگی۔۔معظم نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دوسرے لوگوں کی جانوں کو بچایا،معظم حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے شہید ہوا۔ جو بھی اس کے قتل میں ملوث ہے ان تک ہاتھ ضرور پہنچیں گے،معظم کے اہلخانہ کا جو نقصان ہوا وہ کسی صورت پورا نہیں ہو سکتا۔