وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان

کراچی (آن لائن)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد طارق یوسف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیٹرولیم قیمتوں کو برقرار رکھنے اور انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2022 تک توسیع دینے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ان اعلانات اور مسائل کے حل کے لیے حکومت کو دی گئی تجاویز پر خصوصی توجہ دینے کے عزم کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے۔صدر کے سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ کا ایل سی کی حد 50000 ڈالر سے بڑھا کر 100000 ڈالر کرنے کا فیصلہ بلاشبہ کاروبار کے حق میں ہے جس کا مطالبہ کراچی چیمبر طویل عرصے سے کر رہا تھا۔ اس اقدام سے معطل شدہ لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) کے 8,000کیسز کو تیزی سے نمٹانے میں مدد ملے گی اور ہمیں یہ امر بھی باعثِ مسرت ہے کہ اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج سے ہی ان ایل سیز کو کلیئر کرنا شروع کر دے۔انہوں نے کہ حکومت شدید معاشی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود تاجر و صنعتکار برادری کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔وزیر خزانہ کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں اکتوبر میں ایشیاء کی مضبوط رہا اور اس کی قدر میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا تاہم ڈالر کو 200 روپے کی سطح سے نیچے لانے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے اور ان پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہماری معیشت کو بہت بڑا ریلیف ملے گا جس پر غیر ملکی قرضوں کا بوجھ ہے۔انھوں نے مشورہ دیا کہ صنعت سے وصول کئے جانے والے فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کو ختم کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہ عام صنعتوں اور ایس ایم ایز کے لئے مسائل پیدا کررہا ہے جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں لہذا نہیں تحفظ فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے.