آزادی مارچ کو تحریک انصاف بلوچستان کے قافلے 2 نومبر بروز بدھ کو روانہ ہوں گے: قاسم سوری

کوئٹہ (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہاہے کہ آزادی مارچ کو تحریک انصاف بلوچستان کے قافلے 2 نومبر بروز بدھ کو روانہ ہوں گے اور اسلام آباد میں جوائن کریں گے۔ 25 مئی کو پارٹی کے پر امن مارچ پر وفاقی حکومت کی جانب سے جس طرح ظلم اور تشدد کیا گیا عوام کو نکلنے نہیں دیا گیا۔ اس بار ہماری پلاننگ مختلف ہوگی ملک بھر سے لاکھوں لوگ اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پارٹی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ، سینئر نائب صدر حاجی نواب خان دمڑ، صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری ملک نصیب اللہ خان،عالم خان کاکڑ، سیکرٹری وومن ذولیخہ مندوخیل بھی موجود تھیں۔ صوبائی صدر قاسم سوری کا کہنا ہے کہ لبرٹی چوک پر پاکستان کے لوگوں نے دیکھ لیا لاہور کے لاکھوں لوگوں نے حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی خیبر پختونخوا بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب سے بھی قافلے مارچ میں شامل ہوں گے اور تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا امپورٹڈ حکومت کی کرتوتوں کی وجہ سے اس بار ہم نے الگ اسٹرٹیجی بنائی ہے ہم مارچ میں شامل ہونے کے لئے بڑے کاروان کے ساتھ کوئٹہ سے نکلنے بلوچستان سے جتنے بھی قافلے نکل رہے ہیں ان کی منزل راولپنڈی ہوگی اور راولپنڈی سے عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ میں شامل ہوکر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ پی ٹی بلوچستان نے لانگ مارچ میں شرکت کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے حقیقی آزادی مارچ کیلئے بلوچستان سے قافلے بدھ کو روانہ ہوں گے اور آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو بلوچستان کے ٹائیگر حقیقی آزادی مارچ کے ساتھ ہوں گے بلوچستان سے جانے والا قافلہ آزادی مارچ میں شرکت کے لئے کوئٹہ سے براستہ ژوب اسلام آباد روانہ ہوں گے اور ہمارے بلوچستان کے ٹائیگر اسلام آباد میں لانگ مارچ میں شریک ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی جنگ صرف تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے حقیقی آزادی مارچ میں بلوچستان کی خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوں گی حقیقی لانگ مارچ کا مقصد حقیقی آزادی اور غلامی سے نجات ہے بلوچستان سے قافلے صوبائی صدر کی قیادت میں روانہ ہوں گے بدھ کو قافلے کوئٹہ، ژوب اور لورالائی سے روانہ ہوں گے۔ مارچ کے حوالے سے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی اور مارچ دو حصوں میں تقسیم کوئٹہ سے براستہ ژوب مارچ کے پی کے سے جائے گا اور مستونگ سے براستہ سکھر دوسرا لانگ مارچ کراچی جائے گا.