ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے بننے والے کمیشن کا حال ماضی کی طرح نہیں ہونا چاہیے جو بھی اس جرم میں ملوث ہو اسے سزا ملے،سراج الحق

اسلام آباد (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے لیے بننے والے کمیشن کا حال ماضی کی طرح نہیں ہونا چاہیے جو بھی اس جرم میں ملوث ہو اسے سزا ملے،ہمارے ملک میں اگر کوئی چیز سب سے زیادہ سستی ہے تو وہ انسان کی موت ہے، ارشد شریف کی موت کسی ایک خاندان کے فرد کی نہیں، 22 کروڑ عوام کی موت ہے۔ حکومتی کمیشن کی تحقیقات مکمل ہونے میں بہت زیادہ دن رکھے، سچ جلد سامنے آنا چاہیے۔ وہ کینیا میں شہید ہونے والی سینئر صحافی ارشد شریف کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ اور بچوں سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ پوری قوم مرحوم کے خاندان کے غم میں شریک ہے۔ ایک ماں اور بچوں پر جو گزرتی ہے اس کا درد انہی کو معلوم ہے۔ ارشد شریف نڈر اور بے باک صحافی تھے، ان کی موت صحافت کے لیے بڑا نقصان ہے۔ جس طرح ارشد شریف کو کینیا میں شہید کیا گیا اس پر پوری قوم کو افسوس ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا المیہ ہے کہ واقعات ہوتے ہیں اور ہم دو دن میں بھول جاتے ہیں۔یہاں دن کے اجالے میں کمیشن بنتے ہیں لیکن نتیجہ صفر نکلتا ہے۔ اسلام آباد میں بھی لوگ اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھتے ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔