صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں جن پر خطیر لاگت آئے گی، وزیر اعلی محمود خان

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع کو ترقی دینے اور ان اضلاع کے لوگوں کے طرز زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں جن پر خطیر لاگت آئے گی۔ پسماندہ اضلاع کے لیے جو ترقیاتی منصوبے ترتیب دیئے گئے ہیں ان کا مقصد ان اضلاع کی محرومیاں ختم کر کے انہیں ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینا اور ان اضلاع میں موجود استعداد سے استفادہ کر کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کے منشور کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔