پنجاب میں بہتر حکومتی اقدامات اور موثر انتظامی ڈھانچے کے باعث سیلاب کا نقصان کم سے کم رہا، عمر سرفراز چیمہ

لاہور (آن لائن) مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے سندھ حکومت کی نالائقی اور انتظامی ناکامی کا پول ایک بار پھر کھول دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کی بجائے سندھ حکومت اپوزیشن لیڈر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بہتر حکومتی اقدامات اور موثر انتظامی ڈھانچے کے باعث سیلاب کا نقصان کم سے کم رہا، جبکہ سندھ میں حکومتی شخصیات نے اپنی جاگیریں بچانے کے لیے دیہاتوں کے دیہات ڈبو ڈالے۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، بالخصوص سیلاب اور امدادی کاروائیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ حلیم عادل شیخ نے نہایت جرات سے استبدادی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے ایک سیاسی لیڈر کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسے سلوک کے باوجود حلیم عادل شیخ حق پر ڈٹے رہے۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بلاجواز انتقامی کاروائیوں پر پارٹی کی سپورٹ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ قبل ازیں اپنے بیان میں مشیر اطلاعات پنجاب نے کہا چین کی ترقی کا راز یہ ہے کہ وہاں شریف اور زرداری جیسے کرپٹ لیڈران کو اقتدار نہیں دیا جاتا، بلکہ پھانسی دی جاتی ہے۔ چین کے احتساب کے نظام میں شریف اور زرداری جیسے چور این آر او نہیں لے سکتے۔ زرداری، شریف اور ڈار جیسے قائدین چین میں ہوتے تو کب کے چوکوں میں الٹے لٹکائے جا چکے ہوتے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا پی ڈی ایم قائدین میڈیا پر بارہا کہہ چکے کہ تحریکِ عدم اعتماد اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ پی ڈی ایم کی سینیئر قیادت اپنی ناکامی و نامرادی کا ملبہ بارہا مددگار اداروں پر ڈال کر اداروں کی ناکامی کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کا خود ساختہ این آر او ٹو ملک و قوم سے سنگین کھلواڑ اور زہر قاتل ہے۔ ثابت شدہ ملک لوٹنے والے منی لانڈرنگ ماہرین کو ملک کی باگ ڈور تھما دی گئی۔ عمران خان نے اقتدار گنوا دیا مگر لٹیروں کو این آر او نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مافیاز کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے، انکو جلد عوامی احتساب کا سامنا کرنا ہو گا۔ عمران خان کال دیں گے تو پورا ملک کپتان کی آواز پر لبیک کہے گا۔