سائفر معاملے پر مسلم لیگ ن کا جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن) غیر ملکی سائفر کے حوالے سے عمران خان کی آڈیو لیکس پر مسلم لیگ ن نے جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی قائد نواز شریف نے لیگی رہنماوں کو سائفر پر سخت اور جارحانہ ردعمل دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے عمران خان کے بیانیے کا توڑ نکالنے کے لیے سائفر آڈیو لیکس معاملے پر جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے لندن سے پارٹی کو سائفر پر سخت اور جارحانہ ردعمل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے اپنی جاری ہدایت میں کہا ہے کہ پارٹی سائفر پر عوام کو آگاہ کرے کہ یہ ریاست کے خلاف بہت بڑی سازش تھی۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر عمران خاں کے جھوٹے بیانیہ کا پول ثبوتوں کے ساتھ سامنے لایا جائے۔۔ذرائع کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے قائد کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی پلاننگ شروع کر دی ہے۔۔ سائفر کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی اہم پریس کانفرنس بھی متوقع ہے جس میں وہ پارٹی قائد کی ہدایت پر سائفر پر سخت اور جارحانہ ردعمل دیں گی۔