حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے، دھرنا بلا جواز ہے، راناثناء اللہ

اسلام آباد (آن لائن)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے، کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے، کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون احتجاج یا دھرنے کے اجازت نہیں،ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران خیابان چوک کسان اتحاد یونین کے احتجاجی دھرنے کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسان اتحاد سے ملاقات میں انکو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔زرعی ٹیوب ویل بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے کیبنیٹ کی قائم کمیٹی کام کر رہی ہے۔پیر کو کمیٹی دوبارہ بیٹھے گی،اور تمام تجاویز پر غور کرے گی،رانا ثناء اللہ نے کہا حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔ٹیوب ویلز کے بلوں کی ادائیگی موخر کرنے کا مطالبہ تسلیم کیا جا چکا۔ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ احتجاج اور دھرنا بلا جواز ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ریڈ زون ریڈ لائن ہے۔ کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون احتجاج یا دھرنے کے اجازت نہیں۔ ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئیگا۔ سپریم کورٹ کے بھی واضح احکامات موجود ہیں کہ ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں ہو سکتا۔