سیلاب متاثرین کیلئے 15 ممالک، 3 عالمی تنظیموں سے 123 امدادی طیارے پہنچ چکے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 15 ممالک، 3 عالمی تنظیموں سے 123 امدادی طیارے پہنچ چکے، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دوست، برادر ممالک پیش پیش ہیں۔متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ 41 امدادی طیارے راولپنڈی، کراچی، لاہور بھیجے۔امریکہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 21 امدادی طیارے سکھر، کراچی راولپنڈی بھیجے۔ترکیہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 13 طیارے امداد کراچی، راولپنڈی بھیجی۔چین اور قطر سے 4، 4 امدادی طیارے پاکستان آئے۔عمان سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد لے کر 8 طیارے پاکستان پہنچے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب سے متاثرین سیلاب کے لیے 5 امدادی طیارے پاکستان پہنچ چکے جبکہ ازبکستان، فرانس، ترکمانستان، اردن، سے امداد لے کر ایک ایک طیارہ پاکستان پہنچا۔نیپال، برطانیہ، روس اور یونان نے بھی ایک ایک امدادی طیارہ پاکستان بھیجا۔اسی طرح یونیسف نے 3، اقوام متحدہ ادارہ مہاجرین نے 13، عالمی ادارہ خوراک نے 3 امدادی طیارے بھیجے۔ایران، ترکیہ، تاجکستان، عمان نے زمینی، بحری راستے سے بھی امداد پاکستان بھیجی۔ایران کی ہلال احمر نے ٹرکوں کے ذریعے 100 ٹن امداد پاکستان ہلال احمر کو بھیجی۔ترکیہ ہلال احمر نے امدادی سامان کے 2 ٹرک پاکستان بھیجے۔ترکیہ حکومت 3 امدادی مال گاڑیاں بھی پاکستان بھیج چکی ہے۔تاجکستان نے 87 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلہ پاکستان بھیجا۔عمان سے ایک بحری جہاز امدادی سامان لے کر کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔