سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر کسی بھی یونین کونسل میں ایک سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں،شرجیل میمن

کراچی (آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بارشوں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا سروے کرنے کے لیے یونین کونسل سطح پر جوائنٹ سروے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،ضلع انتظامیہ، پاک آرمی، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کے نمائندوں اور متعلقہ یونین کونسل کے سیکریٹری پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے جاری بیان میں کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیمانے کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی یونین کونسل میں ایک سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سروے کمیٹیوں کی مانیٹرنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ سپروائیزری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی، ڈسٹرکٹ ملٹری لائیزن آفیسر، این ڈی ایم اے، سپارکو، پی ڈی ایم اے کے نمائندوں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے مزید 17 افراد کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، تعداد 724 ہوگئی ہے۔حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید 23312 مویشی ہلاک ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے،مویشیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 313,509 ہو چکی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے 1061776 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ 720749 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔