اسلام آباد ہائی کو رٹ، کرکٹ گراؤنڈ کی نیلامی پر حکم امتناعی جاری

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے کرکٹ گراؤنڈز کی نیلامی پر حکم امتناعی جاری کر دیا۔ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کی، درخواست گزار کی جانب سے قاضی عادل ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے عدالت نے سابق چیئرمین ایم سی آئی سردار مہتاب کی حکم امتناع کی درخواست منظور کرتے ہوئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو کرکٹ گراؤنڈز کرائے پر دینے سے روک دیا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے کرکٹ گراؤنڈز میں مفت کرکٹ ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا درخواست گزار کے وکیل قاضی عادل نے عدالت کو بتایا کہ کرکٹ گراؤنڈز آؤٹ سورس کرنے سے شہریوں کو پیسے دے کر کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملتی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کے پاس گراؤنڈز آؤٹ سورس کرنے کا اختیار نہیں جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے کرکٹ گراؤنڈ کو کرائے پر دینے سے روک دیا ۔