چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (آن لائن) وزیر اعظم سے چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔مسلم لیگ (ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ رمیز راجہ پی سی بی جیسے نیشنل ادارے کو چلانے کے اب قابل نہیں رہے۔قومی کرکٹ ٹیم کی ایشیاکپ میں حیران کن شکست سے ہر پاکستانی دلبرداشتہ ہے۔قومی ٹیم میں حکمت عملی،بہتر ٹریننگ اور مینجمنٹ کا شدید فقدان ہے۔ایشیاکپ کے فائنل میں یہ تمام خامیاں نمایاں طور پر سامنے آئی ہیں۔رمیز راجہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سرانجام دینے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ قرارداد میں وزیراعظم شہبازشریف سے مطالبہ کیاگیا کہ چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔