پی ٹی ڈی سی کا بین الاقوامی یوم سیاحت منانے کے موقع پر فوٹوگرافی کا مقابلہ منعقد کرانے کا اعلان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے 27 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت منانے کے موقع پر فوٹوگرافی کا مقابلہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی ڈی سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مقابلے میں حصہ لینے کے خواہشمند فوٹو گرافرز کو15ستمبر 2022 تک اپنی انٹریز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے لئے فارم اور دیگر تفصیلات پی ٹی ڈی سی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر دستیاب ہیں۔مقابلے کا تھیم پاکستان کے سیاحتی مقامات، مناظر، ثقافت اور زندگی، ایڈونچر سپورٹس، نباتات اور حیوانات ہیں۔ بیان کے مطابق جیتنے والوں کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے) میں 27 ستمبر کو ہونے والی ایک تقریب میں نقد انعامات اور اسناد سے نوازا جائے گا۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ سیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد بین الاقوامی برادری میں سیاحت کی اہمیت اور اس کی سماجی، ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ علاوہ ازیں سیاحت کی صنعت سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ عالمی یومِ سیاحت منانے کی منظوری ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن نے ستمبر 1979 میں دی تھی۔