اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر اور تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی مقبوضہ علاقے میں منظم نسل کشی کی مہم کا حصہ ہے،ریاست میں باہر کے لوگوں کو ووٹنگ کا حق دینا سراسر ظالمانہ اور غیر قانونی ہے جس کی کشمیری عوام ریاست کے اندر اور عالمی سطح پر مزاحمت کریں گے۔یہ اسرائیلی ماڈل ہے جس پر کشمیریوں نے کسی بھی صورت میں عمل درآمد نہیں ہونے دینا۔ہفتہ کے روز ہندوستانی اقدامات پر اپنے ردعمل میں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے بے رحمانہ قتل کو ظالمانہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ قتل و غارت جموں وکشمیرمیں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف بیگناہ کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف وہ بھارتی شہریوں کو مقبوضہ علاقے میں مستقل طور پر آباد کر کے اور انہیں ووٹنگ کا حق دے کر خطے میں آبادیاتی تبدیلی لانے کی کوششیں کر رہا ہے۔
Load/Hide Comments



