سیلاب سے ملکی معیشت کو کتنا نقصان پہنچا؟، رپورٹ وزیراعظم کو ارسال

اسلام آباد (آن لائن) وزارت خزانہ نے سیلاب سے متاثرہ معیشت کے نقصانات پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم آ فس کو ارسال کر دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث ابتدائی تخمینے پر مبنی رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے زراعت اور انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر نقصانات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے کمزور ملکی معیشت کو 12 ارب ڈالر کا ناقابل تلافی نقصان ہوا جس کے پیش نظر معاشی شرح نمو 5 فیصد سے کم ہو کر 3.3 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاشی شرح نمو میں کمی کے باعث روزگار فراہم کرنے کی شرح میں 1.2 فیصد تک کمی کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث تقریباً 180 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں ہو سکیں گے، اور منصوبے متاثر ہونے سے 6 لاکھ افراد کو روزگار فراہم نہیں کیا جا سکے گا۔اس حوالے سے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف حکام سے رابطہ کیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کو بھی بھیجی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور دیگر مالیاتی اداروں سے مالیاتی امداد کی اپیل کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔