وزیر اعظم سے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ کی ملاقات

اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ نے ملاقات کی اور امریکی صدر جوبائیڈن کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی مشیر ڈیرک چولیٹ کوملاقات کے دوران بتایا کہ سیلاب سے3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ پاکستانی اس آفت سے اب تک متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1,300 سے زیادہ لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ زراعت، مویشیوں، املاک، اور اہم انفراسٹرکچر کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آلودہ پانی کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا ممکنہ پھیلاؤ بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔ حکومت اس تباہ کن صورتحال میں ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو و ریلیف آپریشن میں پوری طرح مصروف عمل ہے۔وزیر اعظم نے ریسکیو اور ریلیف کے بعد سیلاب زدگان کی بحالی اور انفراسٹرکچر و نجی املاک کی تعمیر نو کے بڑے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔ امریکہ کی طرف سے مسلسل تعاون، یکجہتی اور سیلاب زدگان کیلئے امدد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان-امریکہ تعلقات کی اہمیت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان، باہمی سیکیورٹی، صحت، موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ان تعلقات کو گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے باہمی اعتماد، احترام اور افہام و تفہیم کے اصولوں پر مبنی دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور پائیدار روابط کی اہمیت پر زور دیا،وزیر اعظم نے علاقائی تناظر میں پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے افغان اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادی کو افغان حکام کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔