عمران خان کا سینئر فوجی قیادت کے خلاف بیان انتہائی افسوسناک ہے ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی(آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا سینئر فوجی قیادت کے خلاف بیان انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔عمران خان کے فیصل آباد جلسے میں بیان کے ردعمل میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیصل آباد سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیزاور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔ ایک ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے جبکہ پاک فوج قوم کی سیکورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کی آئین میں واضح طریقہ کار کی موجودگی کے باوجود سینئر سیاستدانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازعہ بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی اْن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندارعسکری خدماتسے عیاں ہے۔ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازعہ بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔