امید ہے عالمی برادری پاکستان کو درپیش چیلنج کے پیمانے کو تسلیم اور بحالی و تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی، بلاول بھٹو

اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی برادری پاکستان کو درپیش چیلنج کے پیمانے کو تسلیم کرے گی اور پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق امریکی کانگریس کے وفد نے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ امریکی کانگریس کے وفد کی قیادت کانگریس کی خاتون رکن شیلا جیکسن لی نے کی۔ امریکی وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور کانگریس مین آل گرین شامل تھے۔۔یہ وفد 4 سے 6 ستمبر 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزیر خارجہ نے موجودہ سپر سیلاب کی تباہی کے دور میں وفد کے دورہ پاکستان کو سراہا۔وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان تاریخی تناسب کے سیلاب سے گزرا ہے۔اس وقت تک 1300 سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔اس تباہ کن سیلاب میں 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ 40 لاکھ ایکڑ سے زائد فصلیں بہہ گئیں اور ایک ملین کے قریب مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ فی الحال حکومت بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں پوری طرح مصروف ہے۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی بحالی اور اہم انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے بے پناہ وسائل کی ضرورت ہے جو ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔انہوں نے کہا کہ کاربن کے کم اخراج کرنے والے ممالک میں ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے مالیاتی فنڈز کی فراہمی کی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو درپیش چیلنج کے پیمانے کو تسلیم کرے گی۔ عالمی برادری پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گی۔وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنے والا نہ تو پہلا اور نہ ہی آخری ملک ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مشترکہ ماحولیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت کا اظہار کیا اور عالمی سطح پر ماحولیاتی انصاف پر زور دیا۔کانگریس وومن لی نے تجدید کی کہ ان کا وفد زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کے لیے امریکی کانگریس اور امریکی انتظامیہ کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔