اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے سنگین چیلنجز درپیش ہوں گے جس کیلئے بے پناہ وسائل کی ضرورت ہوگی، اس تناظر میں عالمی برادری کی طرف سے مسلسل حمایت، یکجہتی اور مدد اہم عنصر ہے،امریکہ،پاکستان کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی تعمیری اور پائیدار روابط کی ضرورت ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کی خاتون رکن شیلا جیکسن لی کی قیادت میں وفد نے پیر کے روز ملاقات کی۔ کانگریس وومن لی کے علاوہ وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور کانگریس مین آل گرین شامل تھے۔وزیر اعظم نے مشکل وقت میں جب سیلاب نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے، امریکی کانگریس کے وفد کے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں پوری طرح مصروف ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 33 ملین سے ز ائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ 1,300 سے ز ائد انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور زراعت، مویشیوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بحالی اور تعمیر نو کے سنگین چیلنجز درپیش ہوں گے اور اس کے لیے بے پناہ وسائل اور عزم کی ضرورت ہوگی۔ اس تناظر میں بین الاقوامی برادری کی طرف سے مسلسل حمایت، یکجہتی اور مدد اہم عنصر ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اضافے کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور پائیدار روابط کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کاربن کے سب سے کم اخراج کرنیوالے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان کو زبردست ماحولیاتی تبدیلی کی تباہی کا سامنا ہے.
Load/Hide Comments



