200 ٹن سبزیاں جلد از جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی،ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ (آن لائن) چین نے سیلاب سے متاثر ہ علاقوں کی از سر نو تعمیر کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی۔ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد سے چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کررہا ہے۔ چینی حکومت نے پہلے سے فراہم کی جانے والی 100 ملین یوآن کی ہنگامی انسانی امداد کے بعد مزید 300 ملین یوآن کا اضافی امدادی سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں قراقرم ہائی وے کے ذریعے چین کی جانب سے 200 ٹن سبزیاں جلد از جلد پاکستان پہنچائی جائیں گی۔ چائنا میٹرولوجیکل ایڈمنسٹریشن، پاکستان کو موسم کی پیش گوئی کی معلومات اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی۔ قدرتی آفات بے رحم ہوتی ہیں لیکن انسانوں میں ہمدردی کا جذبہ ہوتا ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے لیے تیار ہے اور متاثرہ علاقوں میں سیلاب پر قابو پانے اور گھروں کی از سرنو تعمیر کے لیے مختلف امدادی اقدامات پر غور کرہے ہیں جو حکومت پاکستان کے سامنے رکھیں گے۔