عمران خان ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے عمران خان نے فوج میں تقرریوں کو متنازع بنایا،یہ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، عمران خان کا بیان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کی تو ہین ہے، سیاستی مفادات کی خاطر ریاستی اداروں کو مت گھسیٹیں، اقتدار کی ہوس ان کو سکون سے بیٹھنے نہیں دے رہی، آئینی طریقے سے ان سے اقتدار لیا گیا وہ اداروں پر حملہ آور ہیں،فوج ملکی سرحدوں کے تحفظ کی ضامن ہے نہ کہ عمران خا ن کی کرپشن کی۔ پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے پاکستان آزاد ہوا ہے ہمارے ہمسایہ ملک بھارت کے ہمیشہ دو ہدف رہے ہیں، ایک معیشت اور دوسرا ہمارا دفاع، بھارت شروع سے ہماری معیشت اور دفاع پر حملہ کرتا رہا ہے اور عمران خان نے بھی بھارت کی طرح ملکی معیشت اور ملکی دفاع کو ہدف بنایا ہوا ہے،بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں رکاوٹیں ہیں دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں افراتفری کا ماحوال پیدا کرنا چاہتے ہیں بھارت نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ پاکستا ن کو قرض نہ دیا جائے اور خان صاحب نے بھی وہی کام کیا ہے کہ پاکستان کو قرض نہ دیا جائے کو ئی ایسا سوچ سکتا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ روکا جاسکتا ہے؟ سری لنکا جیسی صورتحال پید ا کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ فیصل آباد جلسے میں عمران خان نے جو بیان دیا ہے وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کی تو ہین ہے میں ان کو تنبیہ کرنا چا ہتا ہوں کہ سیاسی مفادات کی خاطر ریاستی اداروں کو مت گھسیٹیں، انہوں نے اپنے دور حکمرانی میں کی گئی تقاریر کو سیاست کا موضوع بنا لیا ہے، افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں ہیں ایک جرنیل سے لے کر سپاہی تک دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی گئی ہیں، ہیلی کا پٹر حادثے میں ہمارے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اقتدار آئینی طریقے سے لیا گیا لیکن وہ ریاستی اداروں پر حملہ آور ہیں،،کل عمران خان نے فوج کی قیادت پر حملہ کیا، عمران خان نے فوج میں تقرریوں کو سیاست کا موضوع بنایا، عمران خان نے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق شکوک شہبات پیدا کرنے کی کوشش کی، عدم اعتماد کے بعد عمران مسلسل فوج پر تنقید کر رہے ہیں.