عمران خان اپنے غیرملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس کمپلیکس ریفرنس میں گواہان کوآئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے احسن اقبال و دیگر کے خلاف نارووال سپورٹس کمپلیکس ریفرنس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کے گواہان 28 ستمبر کو بیانات کے لیے عدالت طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس دوران ہائیکورٹ کا بریت کی درخواست پر فیصلہ آگیا تو دیکھ لیں گے،احسن اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ جبکہ نیب پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش ہوئے،نیب کے گواہان اظہار احمد اور محسن رضا جعفری عدالت میں پیش ہوئے احسن اقبال کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بریت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے فیصلہ آنے تک کارروائی روکی جائے جس پر عدالت نے کہا کہ ہم آپ کے پابند نہیں ہیں گواہان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے،عدالت نے کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی ایک منصوبہ بتا دے جو چار سال میں مکمل ہوا ہو عمران خان اب حقیقی آزادی کا نعرے لگاتے ہیں عمران خان کی غیرت اور حقیقی آزدای کہاں تھی جب سی پیک کو رول بیک کیا گیا، حقیقی آزادی کہاں تھی جب آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کیا تھا 2018 میں ہستا بستا ملک دے کر گئے تھے جسے تباہ کر دیا گیا احسن اقبال نے کہاکہ ہمیں اب ایک قدرتی آفت کا سامنا ہے،اس آفت کی تباہ کاریاں بھی عمران خان کی وجہ سے ہیں،ہمارے دوست ممالک بڑھ چڑھ کر ہمارا ساتھ دے رہے ہیں،عمران خان اس مشکل گھڑی میں بھی قوم کو تقسیم کر رہا ہے،عمران خان نے کل ایک بھونڈا بیان دیا ہے،عمران خان اپنے غیرملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،عمران نیازی کبھی عدلیہ، فوج کے خلاف بیان دیتا ہے،انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ وقت آ گیا ہے کہ اس کا حساب لیا جائے،اس کو گزشتہ دس سال میں جو چھوٹ ملی تھی اب ختم ہونی چاہیے، جو قانون کا ترازو طلال چوہدری، نہال ہاشمی پر لگا تھا اب عمران نیازی پر بھی لگنا چاہیے،خیرات کے نام پر پیسا اکٹھا کیا گیا جسے انہوں نے سیاست پر استعمال کیا،عمران خان پاکستان کے قانون سے بالاتر نہیں ہے،عمران خان جلسے کرکے اداروں پر اثر انداز ہو رہا ہے،جلسوں سے آپ کے کالے کرتوت نہیں چھپ سکتے ہیں.