میں یقین دلاتا ہو ں کہ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونیوالی رقم شفاف طریقے سے متاثرہ کی بحالی پر خرچ ہوگی، چودھری پرویز الٰہی

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے پرعزم ہے۔ حالیہ سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے اور سب سے پہلے میں خودسیلاب متاثرین کے پاس پہنچا۔میں نے راجن پو ر، تونسہ،ڈی جی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تباہی کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا جبکہ میرے سمیت چیف سیکرٹری سے لیکر پنجاب حکومت کی پوری ٹیم متاثرہ علاقوں میں موجودتھی اور اب بھی متاثرہ علاقوں میں تسلسل کے ساتھ امدادی سرگرمیاں چل رہی ہیں۔ریسکیو 1122نے متاثرہ علاقوں میں بے پناہ کام کیا اور بھرپور طریقے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے پوری محنت اور کوشش سے بحالی کا کام شروع کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہاکہ میں صاحب حیثیت اور مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ بینک آف پنجاب میں وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے کھولے گئے اکاؤنٹ میں دل کھول کر عطیات دیں۔ عمران خان نے ٹیلی تھون کے دوران بھی متاثرین سیلاب کے لئے عطیات دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ بینک آف پنجاب کا سسٹم شفاف ہے اور جمع ہونے والی رقم کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم شفاف طریقے سے مستحق لوگوں پر استعمال ہوگی۔ میں یقین دلاتا ہو ں کہ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم شفاف طریقے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی بحالی پر خرچ ہوگی۔