عمران خان آج فیصل آباد میں جلسہ کرینگے

فیصل آباد (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج فیصل آباد آئیں گے۔ پیپلز کالونی نمبر2 میں تھانہ بٹالہ کالونی کے سامنے واقع کشمیر پارک (پہاڑی والی گراؤنڈ) میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس حکام نے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے۔ جس کے مطابق پہاڑی والی گراؤنڈ کے اردگرد چار کلو میٹر تک علاقے کو ہائی سکیورٹی زون قراردیا گیا ہے،آج وہاں پر لگنے والا اتوار بازار بھی کینسل کر دیا گیا۔ اسکے علاوہ پہاڑی والی گراؤنڈ کے اطراف میں لگنے والی ریڑھیوں اور فروٹ شاپس کو ختم کروا دیاگیا۔واضح رہے کہ عمران خان فیصل آباد کے حلقہ این اے 108کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے چوہدری عابد شیر علی کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے ہیں اور وہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے۔ یہاں پر یہ بھی امرقابل ذکر ہے کہ کشمیر پارک پہاڑی والی گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت کا جلسہ عام ہو رہا ہے۔عمران خان کی فیصل آباد آمد اور جلسہ عام کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن پرجوش نظر آ رہے ہیں۔