عمران خان جلسے کر کے اپنے خلاف دیگر مقدمات سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، سزا سے نہیں بچ سکتے،طلال چوہدری

جڑانوالہ(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان ستمبر میں جلسے کر کے توشہ خانہ اور توہین عدالت سمیت اپنے خلاف دیگر مقدمات سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں لیکن انہیں میں سب بتا دوں گا کا ڈرامہ اب ختم کر دینا چاہیے کیونکہ خود کو مقبول لیڈر ظاہر کر کے وہ سزا سے نہیں بچ سکتے۔جمعہ کی سہ پہر اپنی رہائشگاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ ایک طرف نصف سے زیادہ ملک سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے جس سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں لیکن دوسری جانب عمران خان کو جلسوں کی پڑی ہو ئی ہے یہی نہیں بلکہ چار صوبوں کے پی کے،پنجاب،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتیں بھی اپنے سب کام چھوڑ کر صرف اور صرف عمران خان کے جلسے بھرنے پر لگی ہوئی ہیں اور ان کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جا رہے بلکہ قومی وسائل کو عمران خان کے جلسوں پر بے دردی سے لٹایا جا رہا ہے حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ خود کو انقلابی لیڈر اور سب سے مقبول رہنما قرار دینے والا عمران خان اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر کے اپنی چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے دن رات ایک کردیتا مگر چونکہ اب اس کو نظر آرہا ہے کہ وہ توشہ خانہ کیس،توہین عدالت اور دیگر مقدمات میں سزا کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے لہٰذا وہ اپنی پوری طاقت اور حمایتیوں کے سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ سوتیلوں کی بجائے اس کے ساتھ لاڈلوں والے سلوک کا سلسلہ جاری رکھا جائے.