گفتگو ٹیپ کرنا اور اس کی مدد سے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش مناسب نہیں،سینیٹر شوکت ترین

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاہیکہ ہے کہ گھر میں بیٹھ کر کی گئی گفتگو ٹیپ کرنا اور اس کی مدد سے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش مناسب نہیں۔بی بی سی سے گفتگو کے دوران شوکت ترین نے لیک آڈیو کال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو میں اس آڈیو ٹیپنگ کی مذمت کرتا ہوں۔ گھر میں بیٹھ کر کی گئی گفتگو کو ٹیپ کرنا اور پھر اس کے ذریعے ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کرنا مناسب نہیں ہے۔اس آڈیو کلپ کے ذریعے ہم پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے یہ خط ملک کے مفاد میں لکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں پیغام پہنچانا تھا کہ جو معاہدہ وہ کرنے جا رہے ہیں۔اس کے لیے اس سیلابی صورتحال میں پیسے کہاں سے آئیں گے،وہ ہم نے خیبر پختونخوا کے ذریعے پہنچا دیا۔شوکت ترین نے وزیرخزانہ پنجاب سے ہونے والی گفتگو سے متعلق کہا کہ میں نے اس میں کچھ غلط نہیں کہا اور اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرف سے تو خط نہیں گیا، کیونکہ ہم نے ان سے کہا تھا کہ وہ خط نہ بھیجیں، ورنہ ہم پنجاب کے ذریعے بھی بھجوا سکتے تھے۔ہمارا مقصد صوبوں کی طرف سے وفاق کو پیغام پہنچانا تھا تاکہ وہ آئی ایم ایف سے دوبارہ شرائط طے کر سکیں اور یہ ہم نے خیبرپختونخوا کے ذریعے پہنچا دیا۔