عالمی ایجنسی کی تحقیقات ختم کئے بغیر جوہری معاہدہ بے فائدہ ہے، ایران

تہران (آن لائن) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ عالمی ایجنسی کی تحقیقات ختم کئے بغیر جوہری معاہدہ بے فائدہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں سے2015 میں کیا گیا معاہدہ بحال کرنا اس وقت تک بے فائدہ ہوگا جب تک اقوام متحدہ کی عالمی جوہری توانائی ایجنسی غیر اعلانیہ مقامات کی تحقیقات کو بند نہیں کردیتی۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی مسائل کو حل کیے بغیر معاہدے کے بارے میں بات کرنا بے معنی ہے۔ آئی اے ای اے نے جوہری مواد کے نمونے ملنے کو حفاظتی اقدامات کا مسئلہ قرار دیا جبکہ کسی بھی معاہدے کی بحالی سے قبل ان مسائل کا خاتمہ ضروری ہے۔