اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں، عارضی ہے، پی ٹی آئی ارکان آئی ایم ایف معاہد ہ سبوتاژکرنے میں مصروف تھے،بھارت کا بھی یہی کام تھا، چار حکومتوں کوکنٹرول کرنیوالی پارٹی شیطانی حرکتیں کررہی ہے اس پارٹی کی سیاست کا جواب دینا مجبوری بن گئی ہے۔ریاست چلانا سازشی لوگوں کا کام نہیں، بہت جلد اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے قوم کے سامنے پلان رکھا جائے گا۔ وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ موجودہ سیلاب نے دوہزار دس کے سیلاب کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے یہ قوم ایسی آفات کا مقابلہ کرتی رہی ہے شدید معاشی صورتحال میں آئے اس سیلاب نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے اس سے اگلا مرحلہ بہت ہی تباہ کن ہے مہنگائی بڑھتی نظر آرہی ہے مخیر حضرات اورعوام اپنا حصہ ڈالیں،ریلوے کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے نوابشاہ کے قریب پندرہ انچ پانی بہہ رہا ہے کوئٹہ سے سبی کا ریلوے ٹریک بھی ایک پل تباہ ہوگیا ہے ترکی سے بھی ٹرین امداد کے لئے روانہ ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کو جاننے کے باوجود چار حکومتوں کوکنٹرول کرنے والی پارٹی شیطانی حرکتیں کررہی ہے اس پارٹی کی سیاست کا جواب دینا مجبوری بن گئی ہے۔آئی ایم ایف کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں بلکہ یہ عارضی ریلیف ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے میں مصروف تھے اور بھارت بھی آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔ شوکت ترین سے امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کریں گے۔پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچانے کی ہم کوشش کررہے تھے تو یہ آئی ایم ایف پلان روکنے کی کوشش کررہے تھے۔
Load/Hide Comments



