مفتاح اسماعیل نے بھارت سے تجارت کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھارت سے تجارت کرنے کا عندیہ دیدیا۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت اپنے کسانوں کے حالات دیکھ کر کرینگے۔اس دوران صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ ماضی میں بھارت سے تجارت کے حامی وزرا کو گھر جانا پڑا۔اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے اگر گھر جانا پڑتا ہے تو ٹھیک ہے۔ معیشت کے بہتری کیلئے جتنی محنت کر رہا ہوں امید ہے مجھے نہیں نکالا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث پھل، سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، سپلائی متاثر ہوئی تو سبزیوں کی امپورٹ کھولنا پڑیں گی، بھارت سے بھی اگر سبزیاں امپورٹ کرنا پڑیں تو کریں گے، اپنے کسانوں کا تحفظ کرکے سبزی امپورٹ کریں گے۔