سیلاب جیسے قومی سانحے پر بھی عمران نیازی نے سیاست کی،حمزہ شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ شوکت ترین، تیمور جھگڑا اور محسن لغاری آڈیو لیک نے مکروہ سازش کا پردہ چاک کر دیا ہے،عمران نیازی ریاست پاکستان کے اندر انارکی، فتنہ اور فساد چاہتا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ فارن فنڈنگ پر پلنے والی جماعت پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے،آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی معیشت کے لئے اشد ضروری ہے، اس کے خلاف سازشیں کرنے والے پاکستان سے مخلص نہیں۔ عمران نیازی ریاست پاکستان کے اندر انارکی، فتنہ اور فساد چاہتا ہے،عمران نیازی کے دور اقتدار میں پاکستان کے سارے دوست ممالک سے تعلقات بدترین ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب جیسے قومی سانحے پر بھی عمران نیازی نے سیاست کی،عمران نیازی اور اس کے چیلے پاکستان کو سری لنکا جیسے حالات سے دوچار کروانا چاہتے ہیں،عمران نیازی تو کہتا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں نہیں تو ملک پر ایٹم بم مار دو۔ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے ارد گرد لوگوں کو بھی سوچنا چاہئے کہ وہ پاکستان مخالف کھیل کا حصہ کیوں بن رہے ہیں۔