توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن برہم

اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہارکیا ہے،تحریک انصاف کی دو ہفتوں کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا،مزید سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔پیر کے روز پی ٹی آئیچیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نا اہلی کی درخواست پرچیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزارمحسن شاہنواز رانجھا سمیت پی ٹی آئی چیرمین کے وکیل بیرسٹر علی گوہر جبکہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید دو ہفتے کا وقت مانگتے ہوئے کمیشن کو بتایا کہ ایف آئی کیس میں مصروف تھے اس لیے جواب جمع نہیں کراسکے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہ صرف ریکارڈ کا معاملہ ہے، اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے، آئندہ سماعت سے قبل ہر صورت جواب جمع کرایا جائے،الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزارمحسن شاہ نواز رانجھا نے کہاکہ تمام کاغذات الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کا حصہ ہیں اورگوشوارے تحریک انصاف نے خود الیکشن کمیشن میں جمع کروائے ہیں جس میں عمران خان نے تحائف چھپائے،انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کہ پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کو کونسا نیا کاغذ چاہیئے جو تاریخ مانگ رہے ہیں،الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کا کہا ہے اورگزشتہ روز مخالف وکیل نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا مزید وقت چاہیئے جس پر میں نے جواب دیا میں الیکشن کمیشن نہیں ہوں جو وقت دوں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے خلاف کیسز کو جان بوجھ کر التوا کا شکار بنایا جاتا ہے اس سے قبل فارن فنڈنگ کیس کو 8 سال تک لٹکایا گیا تھا، عمران خان ایک طرف آئین قانون اور خلفائے راشدین کی مثالیں دیتے ہیں جبکہ دوسری جانب وہ خود خلاف ورزی کرتے ہیں،عمران خان نے دوستوں کے ذریعے گھڑیاں فروخت کیں اور نہایت قیمتی اشیاء کی قیمت بہت کم ظاہر کی گئی، انہوں نے کہاکہ جو شخص امت مسلمہ کا لیڈر بننے کا دعویٰ کرتا ہو وہ 35 سو روپے کا ٹی سیٹ اور 50،60 ریال کا عربی چوغا بھی نہیں چھوڑا ہے یہ اس کے لئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے، انہوں نے کہاکہ عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا گیا پی ٹی آئی چیرمین اپنے آپ پر لگے الزامات غلط ثابت کردیں تو میں سیاست چھوڑ دونگا،ایک جانب ملک سیلاب کا شکار ہے اور عمران خان جلسے کررہے ہیں، عمران خان اگلی بار الیکشن کمیشن میں کہیں گے میرے وکیل اور اکاؤنٹنٹ کا دفتر سیلاب میں بہہ گیا ہے اس وجہ سے میں ابھی جواب جمع نہیں کراسکتا ہوں، عمران خان فرار ہونے کا راستہ تلاش کررہا ہے مگر ہم اس کو بھاگنے نہیں دینگے۔