سیلاب نے تباہی مچائی ہے، ہمت سے کام لینا ہوگا،شہبازشریف

سجاول (آ ن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب نے تباہی مچائی ہے، ہمت سے کام لینا ہوگا،ملکر صورتحال سے نمٹیں گے تو جلد اس چیلنج سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے، ایک جماعت ایسی سیاست کررہی ہے جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست کبھی نہیں دیکھی کہ آپ پاکستان کے اعلیٰ ترین مفادات کو قربان کر کے ذاتی مفاد کو اوپر لے جائیں، ملک کے خلاف اس سے بڑی سازش نہیں ہوسکتی،ہمیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، اللہ تعالیٰ سے ڈرنا چاہیے اور رحم مانگنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو صوبہ سندھ کے ضلع سجاول کے سیلاب متاثرہ علاقوں فقرانی جاٹ، اوپلونو اور دیگر مقامات کا دورہ کیا، وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کی مدد اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال سندھ میں 400 فیصد سے زائد بارشیں ہوئی ہیں، معمول سے زیادہ بارشیں ہونے سے نظام زندگی بری طرح تباہ ہوچکا ہے، سیلاب سے فصلوں اور لائیو سٹاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی گھر تباہ جبکہ سڑکیں اور پل بھی متاثر ہوئے ہیں۔وزیراعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کھانا،ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں عوام کو ٹینٹ، مچھروں سے بچاؤ کا سامان فراہم کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کل آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ ہے اور ایک جماعت سیاست کررہی ہے اور وہ بھی ایسی سیاست کہ جس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی سیاست کبھی نہیں دیکھی کہ آپ پاکستان کے اعلیٰ ترین مفادات کو قربان کر کے ذاتی مفاد کو اوپر لے جائیں، پاکستان کے ساتھ اس سے بڑا ظلم و زیادتی اور ملک کے خلاف اس سے بڑی سازش نہیں ہو سکتی،ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کرنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، اللہ تعالیٰ سے ڈرنا چاہیے اور رحم مانگنا چاہیے، مجھ سمیت سب کو اللہ سے معافی مانگ کر اس ملک کے عوام کی خدمت کے لیے خود کو وقف کرنا ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سندھ میں پانی چاروں طرف پھیلا ہوا ہے،کوئی جگہ خشک نہیں۔ متاثرین سیلاب کے لیے ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے امداد فراہم کر رہے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی سیلاب سے متاثرہ تمام خاندانوں کو 25 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعد سندھ میں اس رقم کی تقسیم شروع ہوچکی ہے۔