چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کیلئے پیش پیش ہے، فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی (آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کیلئے پیش پیش ہے۔پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے متعلق تمام امور کی مانیٹرنگ وزیر اعلیٰ پنجاب خود کر رہے ہیں۔ اس مشکل گھڑی سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی فنڈ قائم کرنا ایک احسن قدم ہے۔ 5 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی داد رسی میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کی خدمت کی سیاست سیلاب متاثرین کی بحالی کا چیلنج ضرور پورا کرے گی۔پاکستانی قوم آزمائش کی ہر گھڑی میں سرخرو رہی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دوسری طرف امپورٹڈ حکومت وفاق میں بیٹھ کر تماشا دیکھ رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے ایک ٹکا بھی فراہم نہیں کیا گیا۔انکا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کی بجائے صرف پانی سے پکوڑے تلنے میں لگی ہوئی ہے۔شہباز شریف اور اس کے حواریوں کی سیاست کا مقصد محض تماش بینی ہے انہوں نے کہا اس مشکل گھڑی میں عوام کو ایک ہو کر سیلاب متاثرین کی بحالی میں کردار ادا کرنا ہوگا.