اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے اور دیگر وفاقی اداروں کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کوششوں کو منظم انداز میں چلانے کیلئے فلڈ ریلیف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ وزیر آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چاروں صوبوں کیلئے الگ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، یہ کمیٹیاں این ڈی ایم اے اور دیگر وفاقی اداروں کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو منظم کرنے اور مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ متاثرین کو خیموں،خوراک،پینے کا پانی،مچھر دانیاں اور طبی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے قائم کی گئی ہیں۔بلوچستان کیلئے قائم کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہے،کمیٹی کی سربراہی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔کمیٹی میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع،وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ،وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ،اراکین قومی اسمبلی محمود شاہ،صلاح الدین،محمد اسلم بوتانی،خالد حسین مگسی کے علاوہ سردار چنگیز خان جمالی،سردار جعفر مندوخیل اور عبدالرحیم خان زیارتوال شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کی 9 رکنی کمیٹی کی قیادت زاہد اکرم درانی کریں گے،کمیٹی کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر سیفران سینیٹر طلحہ محمود،وزیرپارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی،وزیرمواصلات مولانا اسعد محمود،وفاقی وزیر ساجد حسین طوری،مشیر وزیراعظم امیر مقام،سینیٹر ہدایت اللہ خان،نجم الدین خان اور فیصل کریم کنڈی شامل ہیں۔سندھ کی 8 رکنی کمیٹی کی قیادت سید خورشید شاہ کریں گے۔کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر تجارت سید نوید قمر،وفاقی وزیر شازیہ مری،وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ،سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری،زبیر عمر،سلمان خان اور مولانا راشد سومرو شامل ہیں۔پنجاب کی 6 رکنی کمیٹی کی قیادت وفاقی وزیر صنعت وپیداوار سید مخدوم مرتضیٰ محمود کریں گے۔دیگر اراکین میں وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمن خان کانجو،وزیراعظم کے مشیر سینیٹر حافظ عبدالکریم،اراکین قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری،شیخ فیاض الدین اور رکن صوبائی اسمبلی سردار اویس احمد خان لغاری شمل ہیں۔چاروں کمیٹیاں امدادی سامان کی ترسیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی.
Load/Hide Comments



