ہلال احمر نے سیلاب متاثرین کیلئے 100 ملین روپے مختص کردیئے، ابرار الحق

اسلام آباد(آن لائن) ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کیلئے مختص رقم بڑھا کر 100 ملین روپے کردی، متاثرہ گھرانوں کو نقد امداد کے علاوہ ضروریات ِ زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ہلالِ احمر نے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 8 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیے ہیں۔یہ پلانٹ خیبر پختونخوا، کرک اور بنوں، بلوچستان میں جھل مگسی، جعفرآباد اور لسبیلہ، پنجاب میں مظفرگڑھ اوررحیم یار خان جبکہ سندھ کے ضلع دادو میں لگائے گئے ہیں۔اِن پلانٹس سے مجموعی طور پر روزانہ 4 لاکھ 73 ہزار لٹرپینے کا پانی فراہم کیاجاتا ہے، موبائل ہیلتھ یونٹس مستعدی سے کام کررہے ہیں اور ہزاروں لوگوں کو طبّی سہولیات بہم پہنچائی گئی ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقع پر وائس چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان آصف باجوہ، جوائنٹ ڈائریکٹر آپریشنز عبیداللہ خان بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک فیلڈ میں رہے گا اور اپنی بساط کے مطابق امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، اموات پردِلی افسوس ہے۔ تعمیر ِ نو اوربحالی میں بھی ہلالِ احمر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں اْن کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر موبائل ہیلتھ یونٹس مستعدی سے کام کررہے ہیں، اب تک ہزاروں لوگوں کو صحت کی سہولت پہنچائی جا چکی ہے۔2600 گھرانوں کو فی کس 16 ہزارروپے نقد امداد فراہم کی جاچکی ہے، 500 تربیت یافتہ رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ِ عمل ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ پینے کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 4600جیری کین بھی تقسیم کیے گئے ہیں اور 7 ہزار گھرانوں کو مچھردانیاں بھی مہیا کی گئی ہیں۔چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ آنے والے دِنوں میں 35 ہزار متاثرہ افراد کو نقد امداد فراہم کی جائے گی۔ ہلالِ احمر کے پلیٹ فارم سے ایمرجنسی اپیل کرکے وسائل بڑھانے کیلئے مؤثراقدامات اْٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔اْن کاکہنا تھا کہ مون سون بارشوں نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اِس بار 340 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں اْنہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر اپنی بساط کے مطابق آخری متاثرہ شخص کی مدد تک فیلڈ میں رہے گا۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور متاثرین کی مدد کیلئے ہلالِ احمر کا ساتھ دیں۔