دبئی (آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز کافی عرصے سے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں اور انجرڈ شاہین شاہ آفریدی کے بغیر بھی ہمارا پیس اٹیک بہترین ہے۔ دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، انہیں سردی گرمی سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑیوں کو علم ہے کہ خود کو کیسے ماحول کے مطابق ڈھالنا ہے، تمام کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ شاہین کی انجری کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے دیگر فاسٹ بولرز بھی کافی عرصے سے اچھا پرفارم کرتے آ رہے ہیں، ہمارے پاس نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین جیسے بولرز ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارا فاسٹ بولنگ اٹیک ہمیں میچز جتوا سکتا ہے۔پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ کے حوالے سے ثقلین مشتاق کا کہنا تھا ہمیں اسے ایک عام گیم کی طرح لینا چاہیے، دونوں ممالک کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور انہیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کی طرح اپنی بہترین پرفامنس پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آپس میں ملتے، ہنسی مذاق کرتے اور اچھا وقت گزارتے دیکھا ہے۔
Load/Hide Comments



