سعودی عرب کی پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی،وزیر خارجہ کا اظہار تشکر

اسلام آباد (آن لائن)سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب سے اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بدترین سیلابی صورت حال کے حوالے سے اظہار یکجہتی پر بھی سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کو بھی سراہا۔