الیکشن کمیشن کا عمران خان کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیل کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے ابتدائی سماعت کی، درخواست گزار محسن شاہنواز رانجھا اور حکومتی اتحاد کی جانب سے وکیل خالد اسحٰق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کی جگہ ان کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر کمیشن کے سامنے پیش ہوئے،معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ بیرسٹر علی ظفر مصروفیت کے باعث نہیں آسکے، سماعت ملتوی کی جائے تاہم الیکشن کمیشن نے ان کی یہ استدعا مسترد کر دی۔وکیل بیرسٹر گوہر نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان اب رکن اسمبلی نہیں رہے، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کی نظر میں عمران خان تاحال رکن قومی اسمبلی ہیں، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کمیشن کو استعفیٰ منظور کر کے نہیں بھجوایا،الیکشن کمیشن کو جتنے بھی استعفے موصول ہوئے ہیں انہیں منظور کرلیا گیا ہے،تقاریر کے لئے میڈیا پر جائیں یہاں قانون پر بات کریں، آپ اپنی مرضی کی تشریح نہ کریں، جب تک اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کر کے نہ بھیجے جائیں رکن ڈی نوٹی فائی نہیں ہو سکتا،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔