وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قرار دے دیا

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے میڈیا سیمینار کو منافقت قرار دے دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ میڈیا اداروں کو فیصلہ کرنا ہے کہ صحافیوں سے قلم چھیننے والا، سکرین سے غائب کرنے والا،نوکری چھیننے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا دشمن کس منہ سے میڈیا سیمینار کروا رہا ہے شرم آنی چاہئے،عمران خان میڈیا کا معاشی قتل کرنے والا مجرم ہے،اس نے وزیراعظم کی کرسی پہ بیٹھ کر میڈیا دشمنی کی،ان کا دور میڈیا کے لئے سیاہ دور تھا،عمران خان صاحب جھوٹے کرپٹ فارن ایجنٹ میڈیا دشمن اور منافق ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہے کہ میڈیا کے خلاف نیب کو استعمال کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں،میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے بانی کے میڈیا سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں،چار سال میڈیا کا قتل کرنے والا، میڈیا سے سیمینار کرنے کا تماشہ نہ کرے،میڈیا کو کمزور کرنے کے لئے میر شکیل الرحمان کیخلاف نیب گردی کی گئی،پی ایف یو جے، سی پی این ای اور پی بی اے کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ میڈیا کو کمزور کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں،میڈیا اداروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ صحافت کا قتل،صحافیوں کو گولیاں مارنے والا، میڈیا کی زبان بندی کرنے والے کے میڈیا سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں،میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا گا کہ جس کو عالمی اداروں نے میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا ہے اْن کے سیمینار میں جانا ہے کہ نہیں،میڈیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اْن کی آزادی اور نوکری چھیننے والے کے سیمینار کے تماشے کو ماننا ہے کہ نہیں،سی پی این ای کی 2020 انٹرنیشنل میڈیا واچ اور رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف 2021ء) کی رپورٹس عمران خان کی میڈیا دشمنی کی گواہی ہے،وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہعمران خان چار سال وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کرتے رہے،انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا ہے،عمران خان نے چار سالوں میں صحافیوں کی پسلیاں توڑیں، انہیں اغواء کیا، میڈیا کی آزادی کو کچلا، پارلیمان کو تالے لگوائے،عمران خان نے میڈیا کو نیب کے ذریعے کنٹرول کیا اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا۔