اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر،گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، ہمیں ووٹ کے استعمال سمیت ہر اہم فیصلے میں اصول کا خیال رکھنا ہوگا، حکومت کاروبارسمیت ہر شعبے کو سہولیات فراہم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اگر ہم ماضی کی طرف دیکھتے رہیں گے مستقبل کو روشن نہیں بنا سکیں گے، ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہوگا۔منگل کے روز اسلام آباد میں معیشت کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ معیشت کو درست سمت پر ڈالنے کے لئے ماہرین معاشیات نے روشنی ڈالی، آج سیاستدان معیشت کے حوالے سے اپنی تجاویز دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے سماج میں ایک دوسرے پر تنقید ہوتی ہے، سیاستدان کہتے ہیں کہ ٹیکس دیں تو معاملات بہتر ہونگے، کاروباری طبقات کہتے ہیں کہ سبسڈی دیں تو بہتر ہوگا، اگر ہم ترقی یافتہ ممالک کو دیکھیں تو ان کے ترقی کے موڈ یولز الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں جاپان کی مثالیں دیں جاتیں ہیں کہ 1945 میں مشکلات میں تھا یہ نہیں بتایا جاتا ہے کہ پہلی جنگ عظیم میں بھی جاپان ایک ترقی یافتہ ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبارسمیت ہر شعبے کو سہولیات فراہم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، تمام شعبہ جات کے مطالبات پر غور کرتے ہیں اور ان پر عمل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جن قوموں نے تعلیم پر توجہ دی ہمیشہ ترقی کرتی ہے، ترجیحات کے تعین کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے۔
Load/Hide Comments



