یوم آزادی کے موقع پر بحیثیت قوم ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا،شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر بحیثیت قوم ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، اس کے لیے ہمیں نیشنل ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے اپنے بزرگوں کی طرح پاکستان کو دنیا کی معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے۔ یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ عالیشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہم پاکستان کا 75واں یوم آزادی منا رہے ہیں، ہم دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہماری دعا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی جلد آزادی کی نعمت حاصل کر سکیں۔شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا، سیکڑوں لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، لوگ اپنے پیاروں سے محروم ہوگئے، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمی ہونے والوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی پاکستان کی ولولہ انگیز داستان ہمارے لیے ایک سبق ہے کہ جب قومیں کوئی مقصد طے کر لیتی ہیں تو پھر کوئی طاقت اس کو نصب العین کو حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی، مشکلات کے پہاڑ اور سمندر بھی اس مقصد کے حصول کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔شہباز شریف نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار سے پھوٹنے والی روشنی کے بارے میں مخالفین مایوسیاں پھیلاتے تھے کہ پاکستان کبھی قائم نہیں ہوسکتا لیکن مشاہیر پاکستان کی عظت کو سلام ہے کہ جن کی جد و جہد، آہنی عزم نے ماسیوں کو پاش پاش کردیا اور آج ہم ایک آزاد، خودمختار جمہوری ملک کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے سالہا سال سامراج کے ظلم و ستم کو برداشت کیا، ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے، انہوں نے خون کے دریا عبور کیے، شہادتیں دیں، تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کرتے ہوئے اپنے پیاروں کو کھودیا لیکن اپنے مقصد کے حصول میں کامیاب و کامران رہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انہیں عظیم قربانیوں کا انعام تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک نظریاتی ملک عطا کیا اور ہمیں سامراج کی غلامی سے آزادی دلائی، ہم جہد وجہد آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی درجات کی بلندی کی کے لیے دعا کرتے ہیں، ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خونی دور کی نذر ہوگئیں۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے قیام میں صرف مسلمانوں نے ہی نہیں بلکہ اقلیتی برادری نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا، ہم ان کوبھی سلام پیش کرتے ہیں۔