پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے ہمیں قائد اعظم کے فرمودات پر عمل کرنا ہو گا‘ نوابزادہ منصور علی خان

لاہور (آن لائن)صوبائی وزیر برائے ریونیو نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں یہ ملک پاکستان قائد محمد علی جناح کی قیادت میں ملا ہے اس کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے ہمیں قائد اعظم کے فرمودات پر ہی عمل کرنا ہو گا یہ بات انہوں نے ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں پاکستان کی آزادی کی75ویں سالگرہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر، ڈی پی او احمد نواز، اسسٹنٹ کمشنر جمیل حیدر شاہ، سی ای او تعلیم مسعود ندیم بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ اس ملک کا نظام اسلامی ہوگا، کشمیر ہماری شہ رگ ہے مطلب کشمیر کے بغیر پاکستان زندہ نہیں رہ سکتا، کیونکہ کشمیر کے بدولت ہمارے ملک میں ہریالی ہے، ہماری زراعت کا دارومدار کشمیر سے آنے والے پانی پر ہے، اسی پانی پر ڈیم ہیں جس سے ہمیں بجلی ملتی ہے، اس لئے مقبوضہ کشمیر کے آزادی ہمارے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک پر امن ملک ہے ہمارا سبز ہلالی پرچم ترقی و خوشحالی، امن اور مساوات کی علامت ہے۔ صوبائی وزیر نے تقریب میں نظم پڑھی جس میں وطن سے محبت، وطن سے وفا، منزل پر پہنچے،ذات برادری سے بالا تر ہوکر ملک کی ترقی کے لئے متحدہونے، مساوات، اللہ کے احکامات پر عمل کرنے اور عوامی فیصلوں پر عمل کادرس دیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ پیغام ہم نے اپنے آنے والی نسل تک بھی پہنچانا ہے۔