اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسمانی ریمانڈ مستردہونے کے خلاف حکومتی درخواست پر شہبازگل کو نوٹس جاری کر دیئے

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسمانی ریمانڈ مستردہونے کے خلاف حکومتی درخواست پر شہبازگل کو نوٹس جاری کر دیئے۔پی ٹی آئی کے رہنماشہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون اور کیس کے تفتیشی افسر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان میں ملک کے اداروں کو ٹارگٹ کیاجس کا حکومت نے سیریس نوٹس لیا اور مقدمہ درج کیا۔ عدالت کے استفسار پرایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے ماتحت عدالت کے فیصلوں سے متعلق بتایا۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ایک فیکٹ یہ ہے کہ آپ کی نظرثانی درخواست خارج ہوئی، دوسرا فزیکل ریمانڈ ختم ہو چکا ہے، سب سے پہلے نظرثانی درخواست قابل سماعت نہ ہونے سے متعلق دلائل دیں،وکیل راجہ رضوان عباسی نے دلائل میں مختلف عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست قابل سماعت ہے،عدالت نے شہباز گل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت آج منگل تک کے لئے ملتوی کردی۔