فوج مخالف بیانات دینے کے مقدمے میں نامزد افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے فوج مخالف بیانات دینے کے مقدمے میں نامزد افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی۔رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل نے سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت افواج پاکستان کے خلاف بیان بازی کی،عمران خان نے بھی شہباز گل کے بیان کی مذمت کی بجائے دفاع کیا،ایک مخصوص چینل تحریک انصاف کو فوج مخالف بیانیے کیلئے باقاعدہ پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے۔ مطالبہ ہے کہ اداروں کے خلاف بیانات دینے کے مقدمے میں نامزد تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور فوج مخالف بیان چلانے والے چینل کو بھاری جرمانہ کیا جائے۔