عمران خان ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (آ ن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف اور ملک کی ساکھ کو کمزور کیا اور اب یہ ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ تماشا ختم ہوچکا ہے، یہ زہریلا کھیل کھیلنے سے یہ سوالات دب نہیں جائیں گے، پاکستان کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ یہ فارن فنڈنگ کیوں لی ہے؟، فارن فنڈنگ سامنے آنے کے بعد آج لوگ تحریک انصاف کو چھوڑ کر جارہے ہیں، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کمپنیوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی اور اسے الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا اور جھوٹے حلف نامے کی شکل میں الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئریشن جمع کروائی، یہ چور 8 سال بعد پکڑا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو بھی آج عمران خان سوال کرنا چاہیے کہ جس جماعت کو وہ ساتھ دیتے رہے اسے عمران خان نے الیکشن کمیشن میں غیرملکی امداد زدہ پارٹی کیوں ڈیکلئر کروادیا؟ کیوں 5 سال ‘فارن ایڈڈ پولیٹکل پارٹی’ بنے رہے؟انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہیلی کاپٹر سانحہ میں شہید ہونے والوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا کر فارن کیس سے توجہ ہٹا لیں گے، یہ ان کا پوا منصوبہ ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ ہمیشہ یہی کرتے ہیں کہ جب جواب دینے کا وقت آئے تو دوسروں کو جیلوں میں بند کردو، انہیں چور ڈاکو کہو اور ان پر الزامات لگانا شروع کردو۔انہوں کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے شہدا کے خلاف یہ پورا منصوبہ عمران خان نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولز کی مدد سے سرانجام دیا، اس گری ہوئی حرکت کے بعد عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف (شہباز گل) کو جو مسودہ دیا اسے انہوں نے اے آر وائی پر پڑھ ڈالا۔ عمران خان نے اپنے ٹرولز کے ذریعے سوشل میڈیا پر شرمناک مہم چلائی۔ان کا کہنا تھا کہ 15 منٹ تک عمران خان کے چیف آف اسٹاف کا بیپر ٹی وی پر چلتا رہا، کل عمران خان کو جھوٹ بولتے ہوئے پسینہ بھی آ رہا تھا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نواز شریف کے ساتھ مقابلہ کرتے ہو، اداروں میں تقسیم اور دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ترجمانوں کو ٹرانسکرپٹ دیتے ہیں اور پھر اپنے آپ کو نواز شریف سے ملاتے ہیں۔