اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور”ون چائنا پالیسی“، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چینی موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے بات چیت کرتے ہوے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہاوْس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور چین کے باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا “اسٹریٹجک تعاون شراکت داری ” پاک – چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔ انہوں نے کہا دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور”ون چائنا پالیسی“، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے امور، جموں و کشمیر تنازعہ اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہاتے ہوے کہا پاکستان پاک -چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا پاک -چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے۔پاکستان کو تائیوان کی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا تائیوان کا مسئلہ سنگین ہونے کی صورت میں علاقائی امن اور استحکام شدید متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا یوکرین اور دنیا کے دیگر خطوں میں جاری تنازعات کے بعد دنیا ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا نیا تنازعہ اگر پیدا ہوتا ہے تو اس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا پاکستان چین کا قریبی دوست ہے۔ انہوں نے کہا چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔
Load/Hide Comments



