اسلام آباد(آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں موجود بنیادی حقوق کے باب کا ایک ایک حرف اقلیتوں کی حرمت ، سلامتی اور ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، انہوں نے پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو اِس ایوان میں بلند کرنے اور مل کر آ نے والے 75 سالوں کے پاکستان کا خاکہ طے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے اپنے استقبالیہ خطاب میں کیا۔ اسپیکر نے کنونشن کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ کنونشن اپنی نوعیت کا پارلیمانی تاریخ کا ایک منفرد کنونش ہے جس میں قومی اسمبلی ہال میں وفاقی وزرا ء، اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کے قائدین، نمائندے اور مذہبی رہنما شریک ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ 11 اگست وہ تاریخی دن ہے جب آج سے 75 سال پہلے اسی نمائندہ ایوان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو پہلی مجلس قانون ساز کا صدر منتخب کیا تھا اور اِس تاریخی موقعہ پر بانی پاکستان نے مملکت ِ پاکستان کا جو آئینی خاکہ پیش کیا تھا اْس میں مملکت کا ہر شہری بلا تخصیص رنگ، نسل، مذہب، ذات اور زبان ریاست کا برابر کا شہری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اِس تاریخی خطاب کے اہم اقتباسات آپ سب نے اس کنونش میں ایک بچے کی زبانی سنے جس نے درحقیقت آپ سب کواْس حقیقی،جمہوری اور مساوات پر مبنی پاکستان کی تصویر دکھائی جس کے خالق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ہیں اور جس کی ضمانت 1973 آئین نے دی ہے۔
Load/Hide Comments



