لاہور (آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کی تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے 90شاہراہ قائداعظم پر پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تاجر برادری سے اپنے خطاب میں پنجاب بھر میں کاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں اتوار کو کھلی رہیں گی۔پنجاب بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لئے اتوار کی چھٹی ختم کر دی ہے۔کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کیلئے رات 9 بجے کاروبار کی بندش کی پابندی بھی ختم کر دی ہے۔کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں پر اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے پارکنگ کے مسائل بھی حل کریں گے۔ تاجر برادری کے مسائل جانتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ن لیگ نے بڑا پروپیگنڈا کیا کہ شہباز شریف آئے گا تو ہوا بدل جائے گی۔ ہوا تو نہیں بدلی بلکہ شہباز شریف کے آنے سے مہنگائی کا طوفان آگیا۔شہباز شریف نے تو تاجروں پر ہی بجلی گرا دی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ (ن) لیگ نے پارکنگ مافیا کو بھی پروان چڑھایا۔ مجھے علم ہے کہ کس نے پارکنگ مافیا کی سرپرستی کی اور کتنے کما کر گیا۔پارکنگ مافیا کو ختم کروں گا۔ پارکنگ کی آمدن کا 30 فیصد تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیاکہ مارکیٹوں میں ریسکیو 1122 کے سنٹر بنائے جائیں گے۔ تاجر رہنماء ناصر سلمان اور صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت کے مطابق ”خوشحال تاجر اور پنجاب“ کے ویڑن پر عمل پیرا ہیں۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی نے اپنی وزارت اعلی کے دور میں سب سے زیادہ کام کیا۔ پاکستان میں سب سے زیادہ تعریف چودھری پرویزالٰہی کی ہوئی۔تاجر برادری کو گزشتہ چند برسوں میں کورونا اوردیگرمسائل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔تاجر برادری کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ تاجروں پر کسی قسم کی پابندیوں کے حق میں نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے ٹریڈرزناصر سلمان نے کہا کہ ہم اپنی مارکیٹوں میں ترقی یافتہ ممالک کی طرح ”ڈاؤن ٹاؤن“ اور کیاس(Kiosk)کا تصور پیش کرنا چاہتے ہیں۔لاہور،فیصل آباد،ملتان، گوجرانوالہ سمیت تمام شہروں کی مارکیٹوں کو بتدریج جدید دنیا کے برابر لاناضروری ہے تاکہ خریدار کو ترغیب اوردکاندار یا تاجر کو سہولت میسر ہو۔پی ٹی آئی تجارت کے فروغ سے غربت کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے فوکل پرسن برائے ٹریڈرز ناصر سلمان، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، سابق وفاقی وزیر شفقت محمود، صوبائی وزراء یاسمین راشد، میاں محمد اسلم اقبال، میاں محمودالرشید، محمد محسن لغاری،حنیف پتافی، انسپکٹرجنرل پولیس فیصل شاہکار، پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.
Load/Hide Comments



