غیر ملکی ایجنٹ عمران نیازی کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے، نہ روکا تو قوم کوحادثے سے دوچار کر دے گا ، رانا ثنا اللہ

فیصل آباد(آن لائن) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی ایجنٹ عمران نیازی کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے،اس کو نہ روکا گیا تو قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔ اس کی پارٹی نے فوج کے خلاف منفی مہم چلائی جس سے ان کی ملک دشمنی سامنے آ تی ہے، پی ٹی آئی نے 13 اگست کو قانون توڑا تو 25 مئی سے بھی برا حشر ہوگا۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شہدا کے ساتھ کھڑی ہے، تمام شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے گمراہ ہیں ایسی گندی مہم چلانے والوں کی نشاندہی ہوگئی ہے، عمران نیازی کی پارٹی نے فوج کے خلاف منفی مہم چلائی، اس مہم سے ان کی ملک دشمنی سامنے آتی ہے۔ رانا ثناء نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم کر رہا ہے، یہ نوجوانوں کو اور پوری قوم کو گمراہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے فارن ایجنٹ کے طورپر عمران خان کی شناخت کی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اس کا دماغی توازن بگڑ گیا جس میں اب کوئی شک نہیں رہا، عمران خان کو نہ روکا گیا تو یہ قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔