شہیدوں کوسیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں،خواجہ آصف

سیالکوٹ (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہیدوں کوسیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں، دشمن پاکستان کو کمزورکرنا چاہتا ہے، منفی پراپیگنڈے سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے،منفی مہم چلانیوالوں کی باقاعدہ سرپرستی کی جاتی ہے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران کی شہادت پرقوم افسردہ ہے،فوجی افسران نے امدادی کارروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں کیخلاف مذموم مہم قابل مذمت ہے، سیاست کبھی اتنی نہیں گری تھی جتنی آج گری ہے، دشمن پاکستان کو کمزورکرنا چاہتا ہے، منفی پراپیگنڈے سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں قوم پر ایک شخص کومسلط کیا گیا،یہ ادارے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ گالم گلوچ احسان فراموش لوگوں کا کام ہے۔ہمارا معاشرہ ایسا نہیں تھانہ ہماری ایسی سیاسی روایات ہیں، پہلے تنقید ہوتی تھی تو ایک دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہوتی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ کون سا معاشرہ بن گیا، کس نے اس معاشرے کو جنم دیا، اگر اقتدار ان کے پاس ہے تو سب اچھا ہے، رواداری کوفروغ دیناچاہیے،سیاسی کلچرکوتباہ نہ کریں میری دانست میں تمام حدیں پار ہوئی ہیں، کارروائی کا مطالبہ کروں گا تو کہا جائے گا سیاسی انتقام لے رہا ہے، اس کیلئے ادارے موجود ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ ملک کیلئے شہید ہونے والے ہمارے محسن ہیں،صدرمملکت نے اگرجناز ے میں شرکت کومناسب نہیں سمجھاتویہ ان کامعاملہ ہے۔